حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امروہہ؛ ڈاکٹر سید شہوار حسین نقوی نے شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر منعقدہ جشنِ میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج صنف نسواں آئیڈیل اور نمونۂ عمل کی تلاش میں ہے ۔ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم شہزادی کونین کی تعلیمات اور ان کی خدمات کو دنیا کے سامنے پیش کریں تاکہ دیگر اقوام بھی شہزادی کی سیرت کو نمونۂ عمل بنا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کا احترام کر کے دنیا کے سامنے عورت کی عظمت و وقار کا نمونہ پیش کیا، جس دور میں لڑکیوں کو زندہ دفنایا جا رہا تھا، اس دور میں رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کا ایک عورت کی تعظیم کے لیے اٹھنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اسلام ہمیشہ سے خواتین کے احترام کا قائل رہا ہے۔
ڈاکٹر شہوار حسین نقوی نے کہا کہ حقوقِ نسواں کا زبانی دعویٰ کرنا دنیا کا طریقہ ہے اور عملی طور پر ان کے حقوق کی رعایت کرنا اسلام کا کارنامہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعجب ہے ان خواتین پر جو پاک وپاکیزہ طیب و طاہر سیرت کو نظر انداز کرکے گنہگار عورتوں کی سیرت کو نمونۂ عمل بناتی ہیں، جبکہ بیٹی، زوجہ اور ماں ہر جہت سے حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت بہترین نمونہ ہے۔
محقق ڈاکٹر شہوار حسین نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اس مبارک موقع پر عہد کرنا چاہیے کہ سیرتِ سیدہ کو اپنا کر اپنی زندگی کو خوشگوار بنائیں گے۔
آپ کا تبصرہ